ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انڈیا اتحاد پر ممتا کے بیان پر کانگریس محتاط، سنجے راؤت حمایت میں

انڈیا اتحاد پر ممتا کے بیان پر کانگریس محتاط، سنجے راؤت حمایت میں

Sun, 08 Dec 2024 11:21:57  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 8/دسمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں انڈیا اتحاد کی شکست کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتحاد کے اندرونی معاملات اور اتحادی پارٹیوں کے درمیان ہم آہنگی کی کمی پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ "انڈیا بلاک میں نے تشکیل دیا تھا، لیکن اب جو لوگ اس کی قیادت کر رہے ہیں، ان کی ذمہ داری ہے کہ اسے مؤثر طریقے سے چلائیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کر سکتے، تو میں کیا کر سکتی ہوں؟ میری صرف یہی درخواست ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔" جب ان سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے خود اس اتحاد کی قیادت کیوں نہیں سنبھالی، تو ممتا نے جواب دیا، "اگر مجھے موقع دیا جائے تو میں انڈیا بلاک کو بہتر طریقے سے چلا سکتی ہوں۔ میں مغربی بنگال سے باہر نہیں جانا چاہتی، لیکن یہاں سے بھی اس اتحاد کو مؤثر انداز میں چلایا جا سکتا ہے۔"

 ترنمول کانگریس کے ترجمان کنال گھوش کا کہنا ہےکہ’’ ممتا بنرجی نے ایسا کبھی نہیںکہا۔انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نےانڈیا اتحاد قائم کیاتھاجو بی جےپی کے خلاف ضروری محاذ تھا ۔ممتا بنرجی کی ترجیح مغربی بنگال ہے۔وہ دہلی میںکوئی عہدہ نہیںچاہتیں ۔ اگر انڈیا اتحاد کو ان کی ضرورت پڑی تو کولکاتا سے یہ ذمہ داری ادا کریں گی۔‘‘ اتحادی جماعتوں کے کئی سرکردہ لیڈروں نے ممتا بنرجی کے بیان پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سی پی ایم کے لیڈر ڈی راجا نے کہا کہ ’’میں نہیں جانتا کہ اس کا قطعی مطلب کیا ہے، ایگزٹ پولز کے سامنے آنے کے بعد انڈیا اتحاد کی صرف ایک میٹنگ ہوئی تھی۔ یہ سچائی ہےلیکن  یہ سمجھنا چاہیے کہ انڈیا بلاک کا مقصد کیا ہے۔ `دیش بچاؤ، بی جے پی ہٹاؤ،یہ مشترکہ عزم تھا لیکن مسئلہ یہ ہےکہ ہر ریاست میںصورتحال ایک جیسی نہیں ہے۔‘‘

 کانگریس نے جو انڈیا بلاک میں سب سے بڑی پارٹی کی حیثیت رکھتی ہے، ممتا بنرجی کے تبصروں پر محتاط انداز میں جواب دیا۔کانگریس لیڈر ٹی ایس سنگھ دیو نے کہا’’ یہ ان کی اپنی رائے ہے، اپنا ارادہ ہے ۔ ممتا بنرجی انڈیا بلاک کی رکن ہیں۔ جو بھی معاملہ ہوگا ،سب مل کر بیٹھ کر فیصلہ کریں گے ۔‘‘کانگریس لیڈر راشد علوی نے اتحاد کے اندر اتفاق رائے کی ضرورت  پر زور دیا ۔

 راشد علوی نے کہا  ’’نتیش کمار نے  انڈیا اتحاد کی قیادت کی اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے لیکن اس بڑے اتحاد میں قیادت کے فیصلے یکطرفہ طور پر نہیں کئے جاتے۔ اس کے لیے تمام اراکین کے درمیان اتفاق اور مشاورت کی ضرورت ہوتی ہے۔ بلاک اجتماعی طور پر فیصلہ کرے گا کہ کون قیادت کرے گا،  سربراہ کون ہوگا۔ کنوینر، یا اگر کوئی چیئرپرسن ہوگا، تو وہ کون ہوگا، یہ فطری بات  ہے کہ قائدین قیادت کی خواہش رکھتے ہیں، لیکن ایسے فیصلے انفرادی طور پر نہیں ہوتے  ۔‘‘کانگریس رکن پارلیمنٹ طارق انور نے کہا’’انڈیا بلاک کئی جماعتوں کا اتحاد ہے اور قیادت کے فیصلے اجتماعی طور پر کئے جائیں گے۔‘‘کانگریس کے ایک اور رکن  پارلیمنٹ تنوج پونیا نے کہا کہ ان فیصلوں پر اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے بات کی جانی چاہئے۔

 شیوسینا (ادھو)کے ترجمان اور رکن پارلیمنٹ سنجےراؤت نے کہاکہ ان کی پارٹی بھی چاہتی ہےکہ ممتا بنرجی انڈیا اتحاد کی اہم اتحادی بنیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس تعلق سے ان کی پارٹی کولکاتا میںممتا بنرجی سے گفتگو کرے گی ۔ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا ’’ہم ممتا بنرجی کی اس رائے سے واقف ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ وہ انڈیا اتحاد کی اہم اتحادی بنیں۔ وہ  چاہے ممتا بنرجی ہوں، اروند کیجریوال ہوں یا شیوسینا ہو، ہم سب ساتھ ہیں۔ممتا بنرجی سے بات کرنے ہم جلد کولکاتا جائیں گے۔شیوسینا (ادھو)کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے کہاکہ’’انہوں نے اپنا موقف ظاہر کیا ہے کیونکہ انہوں نے مغربی بنگال ایک ماڈل ہےجہاںانہوں نے بی جےپی کو اقتدار سے دور رکھا ہے اوربہتر فلاحی اسکیمیںنافذ کی ہیں۔انتخابات میں ان کا تجربہ ہے اور مقابلے کا جذبہ ہے جس کے پیش نظر انہوں نے (اتحاد کی قیادت کے تعلق سے) دلچسپی دکھائی ہے۔‘‘

 واضح رہےکہ اس سے قبل ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کیرتی آزاد بھی کہہ چکے ہیںکہ ’’ ممتا بنرجی کا صد فیصد ریکارڈ رہا ہے،نریندر مودی کو جب بھی ہزیمت ناک شکست کاسامنا ہوا ہے ، مغربی بنگال میں ہوا ہے ، جب بھی وہ (مودی) بنگال کے وقار کو مجروح اور ریاست کی توہین کرنےآتے ہیں، ممتا بنرجی کے ووٹ فیصد میں اضافہ ہوتا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ممتا بنرجی سینئر لیڈر ہیںاورواضح بات کرتی ہیں۔


Share: